بنوں میں مہاجر کیمپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک پولیس اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول اہلکار زاہد اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر کہیں جا رہے تھے کہ گھات لگائے ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
حملے کے فوری بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ مقتول اہلکار کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ تاحال کسی گروپ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔










