2

ریاض (گدروشیا پوائنٹ): سعودی اتحاد کا مکہ کی جانب داغے گئے دو ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ

سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کی سمت داغے گئے دو ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی کے مطابق، یہ کارروائی اتوار کے روز مغربی سعودی عرب کے مکہ ریجن میں عمل میں لائی گئی، جہاں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی دونوں ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

اس واقعے سے قبل سعودی اتحاد نے اتوار کے روز ہی دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو ناکام بنانے کا اعلان کیا تھا۔ علاوہ ازیں، سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں بھی تین ڈرونز کو تباہ کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے ان ڈرونز کے لانچرز کی شناخت کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب، حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی اتحاد کے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ حوثی گروپ ماضی میں مکہ ریجن کو نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق، جولائی سے سعودی عرب پر حملوں میں تیزی آئی ہے جس میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے تیل کی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں