1

سیئول (گدروشیا پوائنٹ): جنوبی کوریا میں قومی امتحان ٹاپ کرنے والے امیدوار کا اے آئی سے نقل کا اعتراف

جنوبی کوریا میں ٹیکس اکاؤنٹنٹ کی بھرتی کے لیے منعقدہ قومی امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے نقل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ہان نامی نوجوان نے اپریل اور جولائی میں ہونے والے امتحان کے دونوں مراحل میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 400 میں سے 397.5 نمبر حاصل کیے تھے، جس کے بعد سے ہی اس کی کامیابی پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔

اپنے وکیل کے یوٹیوب چینل پر جاری ایک ویڈیو بیان میں ہان نے اعتراف کیا کہ اس کی کامیابی کا سہرا محنت کے بجائے جدید الیکٹرانک آلات اور جنریٹو اے آئی کے غلط استعمال کے سر ہے۔ اس نے بتایا کہ اس نے ایک چھوٹے کیمرے کی مدد سے سوالات کی تصاویر بنا کر اے آئی کو بھیجیں اور اسمارٹ فون کے ذریعے جوابات حاصل کیے۔ ملزم نے سیئول پولیس کو اپنا تحریری اعترافی بیان بھی جمع کرا دیا ہے، جس کے بعد حکام نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔

امیدوار نے اپنے اس اقدام کی وجہ مالی مشکلات اور والدین کو مایوس نہ کرنے کا دباؤ قرار دیا ہے۔ ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ سروس آف کوریا (ایچ آر ڈی کے) کے زیر اہتمام ہونے والے اس امتحان میں نقل کے اس جدید طریقہ کار نے تعلیمی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ وکیل نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے تاکہ مستقبل میں دیگر امیدواروں کو اس طریقے کی نقل سے روکا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں