4

کوہاٹ (گدروشیا پوائنٹ): دریائے سندھ سے غیر قانونی سونا نکالنے کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور جاں بحق

کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں دریائے سندھ کے کنارے غیر قانونی طور پر سونا نکالنے کے دوران پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں تین مزدور مٹی کا تودہ گرنے سے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق مزدور دریا کے قریب کھدائی میں مصروف تھے کہ اچانک اوپر سے مٹی کا تودہ ان پر آ گرا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

ریسکیو حکام نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ کافی جدوجہد کے بعد ریسکیو ٹیموں نے تینوں مزدوروں کی لاشیں ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ مزدوروں کا تعلق مقامی علاقے دربوکیچ سے بتایا جاتا ہے، تاہم ان کی شناخت کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ دریائے سندھ کے مختلف حصوں میں غیر قانونی طور پر سونا نکالنے کا عمل انسانی جانوں کے لیے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے باوجود، غربت اور روزگار کی تلاش میں مزدور اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ان خطرناک مقامات پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں