نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی جانب سے 20 نومبر کو منعقدہ ایک اہم تقریب کے دوران پیش آنے والے ایک غیر معمولی واقعے نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔ میئر جب شہر کے مستقبل کے لائحہ عمل اور 2032 تک رائکرز آئی لینڈ جیل کمپلیکس کو بند کرنے کے حوالے سے اپنے وژن کا اظہار کر رہے تھے، تو ان کے پیچھے کھڑے ڈیموکریٹک رکن اسمبلی جارڈن رائٹ کے چہرے کے تاثرات اور آنکھوں کی غیر معمولی حرکت نے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔
32 سالہ جارڈن رائٹ، جو ہارلم کے 70ویں ضلع کی نمائندگی کرتے ہیں، اس دوران انتہائی عجیب انداز میں اپنی آنکھیں گھماتے ہوئے دیکھے گئے۔ یہ کلپ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر وائرل ہو گیا، جس کے بعد انٹرنیٹ صارفین نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے دلچسپ اور حیران کن تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جہاں کچھ صارفین نے ازراہِ مذاق جارڈن رائٹ کو ‘خلائی مخلوق’ یا ‘چھپکلی نما انسان’ قرار دیا، وہیں کچھ لوگوں نے اسے محض ایک غیر ارادی جسمانی حرکت قرار دیتے ہوئے سازشی نظریات کو مسترد کر دیا۔










