1

کراچی (گدروشیا پوائنٹ): پیپلز پارٹی کراچی کو ڈائن کی طرح کھا رہی ہے، حافظ نعیم الرحمان کا سخت بیان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 18 برسوں سے کراچی کے وسائل کو بے دردی سے استعمال کر رہی ہے اور شہر کو ترقیاتی کاموں سے محروم رکھا گیا ہے۔ حافظ نعیم نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے لیے مختص کردہ 4 ہزار 32 ارب روپے کے فنڈز کا شفاف حساب عوام کے سامنے لایا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے شہر میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کی مخالفت کا کوئی آئینی یا اخلاقی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے مردم شماری کے اعداد و شمار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کراچی کی اصل آبادی ساڑھے تین کروڑ ہے، تاہم اسے ڈیڑھ کروڑ کم ظاہر کر کے شہر کو اس کے جائز سیاسی اور مالی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے کراچی کو قومی و صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی ملنی چاہیے۔

مزید برآں، حافظ نعیم نے شہر کے جاری ترقیاتی منصوبوں بشمول گرین لائن، ریڈ لائن اور کے فور پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی سست روی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 18 سالوں میں ملنے والے 40 ہزار ارب روپے کے فنڈز کا حساب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، اور کراچی کے عوام اب مزید ناانصافی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں